Soups – Corn, Vegetable Recipes in Urdu

مکئی کی روٹی اور سرسوں کا ساتھ کس کو پسند نہ ہو گا۔ لیکن یہ مکئی صرف روٹی بنانے کے کام نہیں آتی بلکہ اس سے اور بھی بہت سی مزیدار چیزیں  تیاری کی جاتی ہیں۔ نیز اس کا آٹا مختلف مصنوعات میں استعمال ہوتا ہے۔ بطور خاص سوپ بنانے میں مکئی اور اس کے آٹے کا کردار انتہائی اہم ہے، ویسے تو دیگر اشیاء مثلا مرغی وغیرہ کے سوپ میں مکئی کا آٹا اور مکئی کے دانے ڈالے جاتے ہیں لیکن کارن یعنی مکئی کا اپنا خالص سوپ بھی بہت لذیذ ہوتا ہے اور سردیوں کا بہترین تحفہ شمار کیا جاتا ہے۔ مکئی کا سوپ بنانے کا طریقہ آگے کی سطروں میں تفصیل کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔

اجزائے ترکیبی

مکئی کے بھٹے 6 عدد، بالکل صاف، چھلکے اور اترے ہوئے

پانی تقریبا پونے دو لیٹر

آلو موٹے کٹے ہوئے تقریبا ایک پاؤنڈ وزن کے برابر

زیتون کا تیل دو چائے کے چمچ

تازہ مکھن ایک چائے کا چمچ

دو عدد پیاز باریک کٹی ہوئی

لہسن تین دانے

سمندری نمک دو چائے کے چمچ

تازہ پسے ہوئے کالے مرچ حسب ذائقہ

بنانے کا طریقہ

سوپ بنانے کا آغاز حسب معمول پانی کو چولہے پر چڑھانے سے ہی کریں۔ جب تک پانی گرم ہوتا ہے تب تک مکئی کے دانوں کو ان کے بھٹوں سے الگ کریں اور اچھی طرح صاف کر لیں اور جب پانی قدرے گرم ہو جائے تو یہ دانے پانی میں ڈال دیں۔ اس کے بعد پانی کو کم و بیش 15 سے 20 منٹ تک ابلنے دیں، اس دوران دیگر اجزائے ترکیبی تیار کر لیں۔ پھر مکئی کے دانوں کے مغز/ گودا کو اس یخنی سے الگ کریں۔ اسی دوران مکھن اور زیتون کے تیل کو ایک بڑے برتن میں ہلکی آنچ پر پکائیں اور اس میں آلو شامل کر لیں اور اس وقت تک ہلاتے رہیں جب تک اچھی طرح گل نہ جائیں۔ پھر اس میں نمک ملائیں۔ جب آلو گلنے کے قریب ہوں تو اس میں پیاز اور لہسن ڈال دیں تا کہ آلو کے مکمل گلنے تک پیاز اور لہسن بھی گل جائیں۔

تیارہ کردہ مکسچر کو مکئی کے دانوں کے گودے اور یخنی کے ساتھ ملا لیں اور دو تین منٹ تک آگ پر ابلنے دیں۔

آپ کا سوپ تیار ہے۔ مہمانوں کو پیش کرنے کے لیے دہی، اجوائن اور ہریسہ کو ساتھ دیا جا سکتا ہے۔

——

ٹماٹر کا سوپ

ٹماٹر کا کیچپ تو ایک معروف  چیز ہے جو دنیا کے کم و بیش تمام ہی اقوام میں یکساں مقبول ہے اور مختلف اشیاء خوردنی کے ساتھ بہترین ذائقہ حاصل کرنے کے لیے استعمال کی جانے والی چیز ہے۔ کیچپ کے علاوہ بعض ممالک میں بطور خاص ایشیائی ممالک میں ٹماٹر کا سوپ بھی بنایا جاتا ہے جو کہ چاول اور اس قسم کی دیگر اشیاء کے ساتھ پیش کر کے داد و تحسین کے ڈونگرے وصول کیے جا سکتے ہیں۔

اجزائے ترکیبی

ٹماٹر تقریبا 30 اونس، اچھی طرح آپ پر پکا کر ان کے چھلکے جدا کر لیں

پیاز دو عدد درمیانے درجے کے باریک کٹے ہوئے

مکھن یا زیتون کا تیل چار چمچ

سمندری نمک ایک چائے کا چمچ

دھنیا پسا ہوا ایک چائے کا چمچ

زیرہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچ

گرم مصالحہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچ

پسی ہوئی لال مرچ آدھا چائے کا چمچ

ناریل کا تیل تقریبا 14 اونس

بنانے کا طریقہ کار اور تیاری کے مراحل

ایک بڑے برتن کو ہلکی آنچ پر رکھیں اور اس میں مکھن ڈال کر اسے پگھلا لیں۔ جب مکھن اچھی طرح گرم ہو جائے تو اس میں پیاز اور نمک ڈال کر پکائیں اور وقفے وقفے سے ہلاتے رہیں۔ پیاز کو اس حد تک پکائیں کہ وہ نرم ہو جائے، اتنا زیادہ نہ پکائیں کہ براؤں ہو جائے۔

جب پیاز اچھی طرح نرم ہو جائے تو اس میں پسا ہوا گرم مصالحہ، دھنیا، زیرہ اور پسی ہوئی لال مرچ شامل کر کے اس وقت تک پکائیں یہاں تک کہ مذکورہ تمام مصالحہ جات اچھی طرح پک جائیں۔ اس دوران وقفے وقفے سے چمچہ ہلاتے رہیں۔ اس کے بعد ٹماٹر کا آمیزہ جو چھلکے اتار کر بنایا تھا وہ شامل کریں اور ڈیڑھ لیٹر پانی ڈال دیں اور اسے 15 منٹ تک ابلنے کے لیے رکھ دیں۔ اس کے بعد چمچے کی مدد سے اتنا ہلائیں کہ سب کچھ نرم اور یکجان ہو جائے۔

آپ کا سوپ تیار ہے۔ اب یہاں فیصلہ آپ کے ہاتھ میں ہے کہ آپ اسے گاڑھا ہی رکھنا چاہیں یا پتلا کرنا۔ اگر پتلا کرنا ہو، یا اچانک کوئی بن بلائے مہمان آ دھمکیں تو یہ اختیار آپ کے پاس ہر وقت موجود ہے کہ اس میں پانی ملا کر اسے مزید پتلا کر لیں۔   لیکن یاد رکھیں، پانی کا اضافے کے ساتھ ساتھ دیگر مصالحہ جات مثلا نمک اور مرچ کا خیال بھی رکھیں، یہ نہ ہو کہ پانی کی ملاوٹ پکڑی جائے۔

———–

سبزیوں کا سوپ

سبزیاں بہترین صحت کی ضامن ہیں، خاص طور پر جب انہیں چٹ پٹے مصالحہ جات میں بھوننے کے بجائے ابال کر اور سادہ طریقے سے پکا کر کھایا جائے۔ سبزیوں کے فوائد کو بہتر انداز سے سمیٹنے کا ایک طریقہ ان کا سوپ بنا کر پینا ہے اس طرح ان کی ساری طاقت اور سارے وٹامنز حاصل ہو سکتے ہیں اور گرم مصالحوں کے  استعمال کی صورت میں ممکنہ طور پر پیش آنے والے مسائل سے بھی بچا جا سکتا ہے۔ یہ طریقہ ہے بھی انتہائی آسان۔

اجزائے ترکیبی

بند گوبھی ایک پھول

گاجر درمیانے سائز کی دو عدد

سلاد کے پتے ایک گھٹی

پالک آدھی گھٹی

ہرا دھنیا آدھی گھٹی

ہرے پیاز دو عدد

سویا ساس ایک چائے کا چمچ

نمک حسب ضرورت

ادرک ایک چھٹانک

مرغی کی یخنی ایک کپ

لیموں کا رس ایک چائے کا چمچ

پانی ڈیڑھ لٹر

بنانے کا طریقہ:

 تمام سبزیوں کو اچھی طرح صاف کر کے کاٹ لیں۔ ایک درمیانے سائز کے پتیلے میں پانی ڈال کر اسے ہلکی آنچ پر چڑھا دیں اور اس میں تمام سبزیاں شامل کر دیں۔ جب سبزیاں کسی حد تک نرم ہو جائیں تو اس میں پیاز بھی شامل کر دیں اور انہیں گلنے کے لیے رکھ دیں۔ جب اچھی طرح ساری چیزیں گل جائیں تو اس میں  دھنیا اور ادرک شامل کر لیں۔  آپ کا سوپ تیار ہے۔ پیش کرنے کے لیے پیالوں میں ڈال کر ساتھ لیموں کا رس اور سویا ساس بھی دیں، اگر لیموں کا رس دستیاب نہ ہو تو سرکہ بھی بہترین ذائقے کی ضمانت ہے۔ ابلے ہوئے چاول ہوں یا ویجیٹیبل فرائڈ رائس ہوں۔ ان کے ساتھ یہ سوپ پیش کیا جائے ۔

 —————–

گاجر اور ادرک کا سوپ

گاجر اور ادرک ایسی نعمتیں ہیں جو نہ صرف بہترین ذائقے کی حامل ہیں بلکہ ان کے فوائد بھی بے شمار ہیں۔ کھانوں کو پرلطف بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق بنانے میں بھی ان کا کردار غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ گاجر اور ادرک سے جو اہم ترین فوائد حاصل ہوتے ہیں ان معدے کی درستگی اور نظر کی تیزی قابل ذکر ہیں۔ ان فوائد کے پیش نظر ان کا سوپ نہ صرف لذیذ بلکہ مفید بھی ہے۔ سوپ بنانے کا طریقہ حسب ذیل ہے۔

اجزائے ترکیبی؛۔

زیتون کا تیل حسب ضرورت

لہسن دو دانے چھلے اور پسے ہوئے

زیرا دو چائے کے چمچ

بڑے سائز کی ایک براؤن کی ہوئی پیاز

تازہ پسی ہوئی ادرک دو چائے کے چمچ

میٹھے آلو تقریبا 500 گرام چھلےاور موٹے کٹے ہوئے

4 بڑی گاجریں تقریبا 600 گرام چھلی اور موٹی کٹی ہوئی

پانی ایک لٹر

نمک باریک پسا ہوا ایک چائے کا چمچ

کم چکنائی والا قدرتی دہی ایک کپ

بنانے کا طریقہ :۔

ایک بڑے برتن کو درمیانی درجہ حرارت پر گرم کر کے اس میں زیتون کا تیل چھڑکیں اور اس میں پیاز ڈال کر پکنے دیں۔ تھوڑے تھوڑے وقفے کے ساتھ اسے ہلاتے رہیں اور تب تک پکنے دیں جب تک پیاز اچھی طرح نرم نہ ہو جائے۔ اس کے بعد اس میں لہسن، ادرک اور زیرہ شامل کری اور پھر اسے اس وقت تک پکنے دیں جب تک اس سے خوشبو آنا شروع ہو جائے۔ جب ادرک، لہسن اور زیرہ خوشبو پیدا کرنے لگیں تو اس میں  میٹھے آلو (آدھی مقدار)، گاجر اور پانی اور اسٹاک پاؤڈر شامل کر دیں۔ یہ ساری چیزیں شامل کرنے کے بعد آگ کو تیز کر دیں یہاں تک کہ پانی ابلنے لگ جائے۔ جب ابل جائے تو برتن کو اچھی طرح ڈھانپ کر آنچ ہلکی کر دیں اور اسے کم از کم پندہ سے بیس منٹ تک پکنے دیں یہاں تک کہ ہر چیز بالکل نرم ہو جائے۔ جب سب کچھ اچھی طرح گل جائے تو اسے اتار کر ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔

اس کے بعد سوپ کو مزید گاڑھا کرنے کے لیے میٹھے آلو کو بلینڈر کی مدد سے اچھی طرح پیس لیں اور اسے سوپ میں شامل کر کے ہلکی آنچ پر چڑھا دیں یہاں تک کہ وہ ابال کھانے لگے۔ بعد ازاں اس پر باریک پسی ہوئی کالی مرچ چھڑک دیں۔

آپ کا سوپ تیار ہے۔ خوبصورت کٹوریوں میں سوپ ڈال کر دہی کے ساتھ پیش کریں۔

 ————–

Categories :
Tags :

Comments are closed.

Translate »