Earn Money Online in Urdu – گھر بیٹھے آن لائن کام: سہولت بھی آمدن بھی

موجودہ عالمی مالیاتی بحران نے نہ صرف ملکوں بلکہ افراد اور خاندانوں کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ اب لوگ ایک ذریعہ معاش پر قناعت اور اکتفا کرنے کے بجائے کمائی کے متبادل ذرائع کی تلاش میں مصروف نظر آتے ہیں۔  متبادل ذرائع کی تلاش کے دیگر اسباب میں ایک سبب یہ بھی ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے موجودہ کمائی پر گزارا مشکل ہوتا ہے تو موجودہ ملازمت کے بعد فارغ وقت میں کام کر کے لوگ آمدن میں اضافہ کر کے اپنے اور بچوں کے بہتر مستقبل کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کی  کوشش کرتے ہیں۔

پہلے تو متبادل کام تلاش کرنا قدرے مشکل ہوتا تھا، اور اگر مل بھی جائے تو وقت کی قلت اور دیگر مصروفیات کے ساتھ ساتھ بال بچوں کو وقت دینے کی وجہ سے اس کو سر انجام دینا مشکل ہوتا تھا۔  اب جب سے انٹر نیٹ ایجاد ہوا ہے اور ایک پوری دنیا آن لائن آباد ہو گئی ہے تو ایسے بہت سے کاموں کے مواقع پیدا ہو گئے ہیں جن میں انسان گھر بیٹھے اپنی مرضی کے اوقات میں کام کر کے معقول آمدنی حاصل کر سکتا ہے جو اس کے مالی بوجھ کو کم کرنے میں خاطر خواہ مدد فراہم کر سکتی ہے۔

آن لائن کام کے موجود مواقع

وہ دن گزر گئے جب انٹر نیٹ کی دنیا میں ابھی ترقی اس قدر نہیں ہوئی تھی تب آن لائن کام کرنے والوں کے پاس صرف ایک ہی اختیار تھا اور وہ تھا تبصرے کرنے کا۔ کسی کی ویب سائٹ یا  بلاگ پر تبصرہ کر کے کچھ کمایا جا سکتا تھا۔ لیکن انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی نے بذریعہ انٹر نیٹ گھر بیٹھ کر کرنے کے کام متنوع قسم کے ہیں، کچھ کا تحقیق و تحریر سے ہے، کچھ کا تعلق فارم فلنگ یا ڈیٹا انٹری سے ہے، کچھ مشاورتی نوعیت کے ہیں، کچھ میں ماہرانہ رائے دی جاتی ہے، کچھ تشہیر سے متعلق ہیں، کچھ تصاویر اور خاکوں کے حوالے سے ہیں، کچھ میں کمپوٹر کی پروگرامنگ کا علم ضروری ہے، کچھ کام ویب سائٹ بنانے اور ڈیزائننگ سے متعلق ہیں اور کچھ گرافک ڈیزائننگ یا لوگو ڈیزائننگ کے حوالے سے ہیں۔ الغرض کام کرنے والے کے لیے ایک بڑا میدان ہے اور انتخاب کے بے پناہ مواقع شرط صرف یہ ہے کہ انسان ہنر کے اسلحہ سے مسلح ہو اور اپنے کام میں مہارت رکھتا ہو۔ مواقع بے شمار ہیں، کام متنوع ہیں ضرورت ہے ہنر کی، مہارت کی، صلاحیت کی اور اپنے آپ کو پیش کر کے منوانے کی۔ جب آپ کا کام اور آپ کی لگن مارکیٹ میں آ گئی تو پھر آپ کو ترقی کرنے اور اپنی آمدن میں دگنا اور چگنا اضافہ کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

مذکورہ بالا کاموں کے علاوہ بعض ایسے پراجیکٹس بھی ہیں جو اکاؤنٹس  اور انجینئرنگ سے متعلق ہوتے ہیں۔ فیشن ڈیزائننگ بھی ایک ایسی صنعت ہے جو بہت تیزی سے انٹر نیٹ کی دنیا میں اپنا مقام بنا رہی ہے۔ اس کے علاوہ دو کام جو معاوضے کے اعتبار سے بہترین ہیں لیکن مہارت میں بھی کمال کے متقاضی ہیں وہ قانونی مشاورت اور ماہرانہ رائے اور میڈیکل یا طبی مشاورت ہے۔ اگر ان میدانوں میں انسان مہارت پیدا کرنے ساتھ ساتھ اسے منوا بھی لے تو پھر گھر میں بیٹھ کر اپنی مرضی کے اوقات میں کام کرنے کے مواقع میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

گھر بیٹھے کام کرنے کے فوائد

سب سے پہلا اور اہم فائدہ تو یہ ہے کہ اوقات کار کے تعین میں انسان آزاد ہوتا ہے، اپنی دیگر مصروفیات کی ترجیحات طے کر کے کام کے لیے ایسا موزوں وقت منتخب کیا جا سکتا ہے جس میں یکسوئی اور پوری توجہ کے ساتھ دیا گیا کام مکمل کیا جا سکے۔ اور اپنے بیوی بچوں کے لیے مناسب وقت نکالا جا سکتا ہے۔

دوسرا فائدہ یہ ہے کہ کام کرنے کے لیے کسی خاص جگہ مثلا دفتر وغیرہ میں جانا یا وہیں بیٹھ کر کرنا ضروری نہیں۔ جہاں چاہیں کریں، اگر آپ کے پاس لیپ ٹاپ اور یو ایس بی انٹر نیٹ کنکشن ہے تو آپ گھرے کے صحن، بالکونی، دیوڑھی یا چھت پر بیٹھ کر بھی کام کر سکتے ہیں اور ساتھ ساتھ موسم کے مزے بھی لوٹ سکتے ہیں۔

سب سے بڑا فائدہ جو پاکستان جیسے ممالک میں آن لائن کام کرنے کا ہے وہ یہ ہے کہ زیادہ تر لوگ جو کام کرواتے ہیں وہ بیرون ممالک سے ہوتے ہیں۔ اور ان کی ادائیگی ڈالرز کی صورت میں بھی ہوتی ہے اور کام کے نرخ بھی یہاں کے مقابلے میں بہت زیادہ ہوتے ہیں۔

ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ مختلف نوعیت کے کام مختلف ویب سائٹس پر پیش کر دیا جاتا ہے اور پھر وہاں سے انسان اپنی دلچسپی کا کام اپنی مہارت کی مناسبت سے لے لیتا ہے۔ جبکہ دفتری کام میں انتخاب کا اختیار بہت کم ہوتا ہے۔

آپ کے پاس کام اور زندگی کا ایک اچھا توازن قائم ہو جائے گا، اپنے لیے، خاندان کے لیے اور بچوں کے لیے زیادہ وقت میسر ہو گا۔ سفر خرچ اور بچوں کی دیکھ بھال کے اضافی خرچ سے آپ بچ جائیں گے۔ اس کام کے دوران موسم آپ کے لیے کبھی کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، آپ اپنا دفتر اپنی مرضی سے ترتیب دے سکتے ہیں، اور گھر پر تیار کیا گیا صحت مند کھانا دن کے سبھی پہر آپ کے لیے دستیاب ہو گا۔ دفتری سیاست سے پاک ماحول ہو گا اور آپ اپنی مطلوبہ آمدن کے حساب سے کام کے اوقات کار کا تعین کر سکتے ہیں۔ اور آپ خود اپنے باس ہیں۔

کام کے دوران باقاعدہ وقفے، خود کو منظم رکھنا، کام اور گھر کے درمیان مناسب حد بندی، سماجی سرگرمیاں اختیار کرنا اور گاہکوں کے ساتھ بہترین انداز سے بات چیت کرنا آپ کے کام کو کئی گناہ مزید نتیجہ خیز بنا دے گا۔

آن لائن کام میں ایک قابل توجہ پہلو

بظاہر یہ بہت ہی دلچسپ اور جاذب نظر لگتا ہے، مرضی کا کام، مرضی کے اوقات، بہترین آمدن لیکن یہ جتنا خوشنما دکھتا ہے اتنا ہی نہیں اس سے زیادہ مشکل اور محنت طلب ہے۔ اور بعض اوقات یہ دفتری کام سے بھی زیادہ محنت طلب اور مشکل ہوتی ہیں کیوں کہ اس کو دیکھنے والے غیر ملکی ہوتے ہیں، تو جتنا وہ دام زیادہ دیتے ہیں تفتیش و تفحیص بھی اسی حساب سے کرتے ہیں۔ چیکنک سخت ہوتی ہے اور بسا اوقات ایسا ہوتا ہے کہ آپ کی دن رات کی محبت بیک جنبش قلم صفر قرار پاتی ہے۔ فطری بات ہے کہ اس پر دل دکھتا ہے، حوصلہ پست ہوتا ہے اور ہمت جواب دینے لگتی ہے ، نیز یہ بھی پیش نظر رہے کہ ان پراجیکٹس پر پوری دنیا کے لوگ  بولی لگاتے ہیں اور بیشتر اوقات وہ ہمارے مقابلے میں زیادہ تجربہ کار ہوتے ہیں، مقابلہ سخت ہوتا ہے۔  بطور خاص نئے آنے والے جب منتخب نہیں ہوتے تو و  ہ   ہمت ہار جاتے ہیں۔ لیکن پریشان نہیں ہونا اور محنت جاری رکھنی ہے۔ ایک بار آپ کی قابلیت نکھر گئی اور آپ کے بارے میں کام لینے والوں کی مثبت رائے بن گئی تو پھر کام کی مقدار اور دام دونوں میں اضافہ ہو گا۔

فری لانس  کام کے مواقع فراہم کرنے والی چند معروف ویب سائٹس

اگر آپ کسی ایسے کام کی تلاش میں ہیں جو گھر بیٹھے کیا جا سکتا ہو تو اس کے لیے انٹر نیٹ پر کچھ ویب سائٹس ہیں جہاں کام کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ کام لینے والا کام پیش کرتا ہے اور پھر اس پر ایک قسم کی بولی لگتی ہے۔ جس کے نرخ مناسب ہوں اور جس کا سابقہ ریکارڈ اچھا ہو، اس کے بارے میں اچھے ریویوز ہوں اسے منتخب کیا جاتا ہے۔ ذیل میں کچھ ویب سائٹس کے لنکس ہیں جو ہر لحاظ سے قابل اعتماد ہیں اور انٹر نیٹ کی دنیا میں معروف ہیں۔ ایک عرصہ سے کام کرنے والوں اور کام لینے والوں دونوں کا اعتماد اسے حاصل ہے۔

ان ویب سائٹس میں سے کچھ پر ایسا کام دستیاب ہو گا جس میں وہ کام کے دوران آپ کے کمپیوٹر کی سکرین کا معائنہ کرتے رہے ہیں۔ اگر آپ ایمانداری سے کام کرتے ہیں تو یہ آپ کے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔ مگر ان میں سے اکثر ویب سائٹس کمپیوٹر کے سامنے گزارے گئے وقت کے بجائے مکمل کیے گئے کام اور نتائج کی روشنی میں آپ کا جائزہ لیتی ہیں۔

چند کار آمد  وسائل اور اوزار

  • Skype – A real winner a very popular bit of software that’s been around since 2003.
  • Google Docs – A free web-based word processor, spread-sheet, presentation app or tool by Google for online real-time collobration.
  • Dropbox Dropbox is the easiest way to store, sync, and, share files online.
  • Project2Manage – an online project management application that assists you stay connected with the team.
  • XE : a currency converter may be required to determine the payment in local currency.

دھوکہ دہی اور اس سے بچاؤ کی تدابیر

انٹر نیٹ کی دنیا جہاں بیش بہا فوائد سے مالا مال ہے وہیں دھوکے اور فریب کا بھی گڑھ ہے۔ بے شمار ایسے واقعات ہیں جن میں کئی افراد کی محنت اور پیسہ ہتھیا لیا گیا۔ اس لیے انٹر نیٹ پر کوئی بھی کام کرتے وقت کچھ احتیاطی تدابیر ہیں جن کا اپنانا نقصان سے بچا سکتا ہے اور ویسے بھی کہتے ہیں کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے۔

انٹر نیٹ کی دنیا میں بطور فری لانسر کئی سال کام کرنے کے بعد اپنے تجربات کی روشنی میں میں یہ تجویز کروں گا کہ  ایسی کمپنیز سے ہوشیار رہیں جو کمپنی اپنی ویب سائٹ جوائن کرنے پر بہت زور دے، کیوں کہ زیادہ زور وہی لگاتا ہے جو خود اپنی نظر میں بھی قابل اعتماد نہ ہو۔ اور جو اپنی نظر میں قابل اعتماد نہیں وہ دوسروں کے لیے کیا قابل بھروسہ ہو گا؟ اسی طرح جو کمپنی ذاتی کوائف پر بہت زور دیں اور بطور خاص جو کمپنیز کام دینے سے قبل ہی پیسے مانگنا شروع کر دیں۔ اس طرح کی تمام کمپنیز سے ہوشیار رہیں اور وہاں اپنا وقت اور پیسہ ضائع نہ کریں۔

جب بھی کسی کمپنی کے بارے میں شک گزرے تو اس کے بارے میں اچھی طرح چھان بین کر لیں۔ اس کے کئی طریقے ہو سکتے ہیں۔ پہلا قدم تو یہ اٹھائیں کہ جتنے بھی سوالات آپ کے ذہن میں آ رہے ہوں سب پوچھتے جائیں۔ اگر تو واقعی اچھی کمپنی ہوئی تو وہ آپ کے سوالات کا خیر مقدم کرے گی اور بڑے اچھے انداز سے آپ کو اطمینان دلانے کی کوشش کرے گی۔ لیکن اگر کمپنی دھوکہ دہی اور فریب پر مبنی ہو گی تو پھر زیادہ سوالات کا سامنا کرنا اس کے لیے مشکل ہو جائے گا، یا تو وہ مشتعل ہو جائے گی یا بھاگ جائے گی۔

 تمام قابل اعتماد اور بہترین خدمات فراہم کرنے والی کمپنیز کی انٹر نیٹ پر اچھی خاصی موجودگی ہوتی ہے سرچ کے ذریعے ان کے بارے میں تفصیلات اور لوگوں کی آراء دیکھی جا سکتی ہیں۔ جس کے بارے میں بھی شک گزرے اس پر مکمل تحقیق کر لیں۔

نیز ان ویب سائٹس کے شرائط و ضوابط کو بغور پڑھ لیں کیوں کہ الفاظ کے ہیر پھیر سے انہوں نے ایسی شرائط لکھی ہوتی ہیں جو دیگر مفاہیم میں بھی استعمال کی جا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ ان سے ریفرنس مانگیں کہ پہلے کتنے لوگوں نے آپ کے ساتھ کام کیا ہے۔ پھر ان افراد سے رابطہ کر کے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کریں۔

نیز ان کمپنیوں سے بھی ہوشیار رہیں جو وضاحت کے ساتھ یہ نہ بتائیں کہ کرنا کیا ہے، یا جو اتنی آمدن کی پیش کش کر رہی ہوں جو بادی النظر میں ہی غیر حقیقی معلوم ہوتی ہو اور یہ خواب دکھائیں کہ آپ کے سارے مسائل پل بھر میں حل ہو جائیں گے۔ المختصر کامن سینس کا استعمال کریں۔

اگر ان مذکورہ بالا ہدایات کو پیش نظر رکھ کر آن لائن کام تلاش کرنے کی کوشش کی جائے گی تو امید ہے کہ قابل اعتماد کام اور ادارہ مل جائے گا جو آپ کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائے گا اور آپ اس کے سرمائے سے اپنا حصہ وصول کریں گے۔

فیصلہ کن عوامل

  • کچھ ایسے عوامل ہیں جن کی موجودگی کو اگر یقینی بنایا جائے تو آن لائن کام ملنے کے امکانات کئی گناہ بڑھ جاتے ہیں۔
  • آپ کی ملازمت کی درخواست کس قدر پرکشش ہے
  • آپ کے آن لائن کوائف کس حد تک واضح اور مضبوط ہیں
  • آپ اپنے دلچسپی کے کام کا کتنا معاوضہ مانگتے ہیں یا بولی لگاتے ہیں
  • آپ کے بارے میں گاہکوں کی آراء کیا ہیں جو کہ آپ کے سابقہ کام کی روشنی میں ترتیب پاتی ہیں۔

اگر آپ تسلسل کے ساتھ معیاری کام کرنا چاہتے ہیں تو یاد رکھیں کہ بہت سے ایسے عوامل ہیں جن کی روشنی میں گاہک بہترین خدمات فراہم کرنے والوں کا انتخاب کرتے ہیں۔ دام، معیار، لوگوں کی آپ کے بارے میں آراء اور وقت کی پابندی، یہ چار بنیادی چیزیں ہیں جن کا کسی میں جمع ہو جانا اس کے لیے بہترین مواقع کا ضامن ہو سکتا ہے۔ اکثر آپ نے دیکھا ہو گا کہ ایسے فرد کا انتخاب ہوتا ہے جس کے دام آپ سے بہت زیادہ تھے اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ  کام کرنے والا تجربہ کار افراد کی تلاش میں ہوتا ہے  اور مذکورہ بالا چار عوامل کا اجتماع آپ کے لیے مواقع کے اضافے کا سبب بنے گا۔

بولی لگاتے وقت، پراجیکٹ کی تفاصیل کو غور سے پڑھیں اور پھر اس کے مطابق بولی لگائیں۔ بولی کو مختصر اور مرکوز رکھیں، اگر ضرورت محسوس ہو تو بلا جھجھک بائع سے وضاحت طلب کر لیں۔ کچھ نمونوں کا آن لائن دستیاب ہونا ہمیشہ مفید ہوتا ہے۔

 کام لینے والے اکثر کام کرنے والوں کا بذریعہ فون یا بذریعہ ای میل انٹر ویو لیتے ہیں جس میں بندے کی صلاحیت اور یہ جائزہ لیتے ہیں کہ آیا یہ فرد مقررہ وقت میں کام فراہم کر سکتا ہے یا نہیں۔ انٹرویو کی ایک اہمیت یہ بھی ہے کہ اس سے کام کرنے والے کے سابقہ ریکارڈ کا بھی پتہ چلتا ہے۔
اس بات کو یقینی بنا لیں کہ آپ کی ادائیگی گارنٹی شدہ اور یقینی ہو، ان ویب سائٹس کے ہاں ادائیگی کے مختلف طریقے ہوتے ہیں جن کی مدد سے ادائیگی محفوظ بنائی جا سکتی ہے۔ یہ تب زیادہ ضروری ہوتا  جب آپ کی خدمات کا خریدار نیا ہو، اگر وہ پرانا ہے اور اس کے بارے میں آراء مثبت ہیں تو پھر بلا جھجھک ہاتھ بڑھا دیجئے۔

کام کی تکمیل پر خریدار اور خدمات فراہم کرنے والا دونوں ایک دوسرے کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں جو کام کے معیار، مہارت، بر وقت موجودگی، رابطے اور تعاون کی روشنی میں ہوتی ہیں، اس کی بہت اہمیت ہے اس لیے اس کو بھی یقینی بنانا چاہیے۔

مزید تفاصیل کے لیے فری لانس کام مہیا کرنے والی ویب سائٹس کے عمومی پوچھے جانے والے سوالات FAQs سیکشن کا مطالعہ کر لینا مفید ہو گا۔
گھر سے کام کرنے کے مواقع پاکستانی اور ایشائی ممالک کی خواتین کے لیے کسی نعمت غیر مترقبہ سے کسی طور کم نہیں، بطور خاص ان معاشروں کی خواتین کے لیے جن کے لیے روایتی انداز میں دفتری ملازمت مشکل ہوتی ہے۔

دیگر اچھی چیزوں کی طرح گھر بیٹھ کر کام کرنے کے کچھ نقصانات بھی ہیں، بطور مثال، خاندان کے افراد سے دوری، کام کا بہت زیادہ بوجھ سوار کر لینا اور حقیقی زندگی کے سماجی رابطوں کا فقدان۔

آج کل بہت زیادہ لوگ گھر بیٹھے کام کر رہے ہیں، یہاں تک کہ وہ لوگ بھی جو دفتری کام کرتے ہیں وہ بھی گھر پر کام کرنے میں بہت سارا وقت صرف کر رہے ہیں۔ آن لائن اور آف لائن کام کی حدود مٹتی جا رہی ہیں۔

بنیادی درکار مہارتیں:۔ تنظیم وقت، لکھنے اور بولنے کی بہترین صلاحیت، کام کرنے کا ذاتی جذبہ

بنیادی درکار وسائل:۔ تیز رفتار انٹر نیٹ، بہترین کمپیوٹر اور ایسی جگہ جہاں کام کرنے میں کوئی مداخلت اور رکاوٹ نہ ہو

آن لائن کام کے دیگر مواقع:  ایفیلی ایٹ مارکیٹنگ/ ایڈسینس

Top Trusted Sites for Affiliate Marketing and Earning Online:

( ماہرانہ رائے: عبد الحئی منصور – ایس ای او اسپیشلسٹ )

 (ترتیب و پیشکش: راجہ اکرام الحق)

Categories :
Tags :

Comments are closed.

Translate »